پاکستان کا 75 واں جشن آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا

کراچی:  ملک بھر میں پاکستان کا 75واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔آزادی کے دن کا آغاز نماز فجر کے بعد دعاؤں سے ہوا، مساجد میں ملک کی سلامتی، خوش حالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں سورج طلوع ہونے کے ساتھ 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی اور 75 برس بعد دوبارہ تیار کیے جانے والے قومی ترانے کا اجرا کیا گیا، تقریب میں وزیراعطم میاں شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ بعد ازاں شہباز شریف نے شیلٹر ہوم میں بے سہارا بچوں کے ساتھ بھی آزادی کی خوشیاں منائیں۔اسلام آباد، کوئٹہ، گلگت بلتستان سمیت دیگر علاقوں میں بھی سرکاری سطح پر آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔