نواز شریف ستمبر میں پاکستان آ رہے ہیں۔جاوید لطیف

لاہور: رہنما مسلم لیگ ن میاں جاوید لطیف نے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف قوم کی نمائندگی کرنے ستمبر میں پاکستان آ رہے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ ڈاکٹرز مختلف وقت میں اپنی رائے تبدیل کرتے رہے ہیں،عوام ڈاکٹر ہیں، عوام نے فیصلہ دے دیا ہے کہ نواز شریف واپس آ جائیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ غیر ملکی کمپنیوں نے عمران خان کو فنڈنگ کیوں کی؟ اسپتال کو دی گئی رقم پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ میں کیسے ٹرانسفر ہو گئی؟

ان کا کہنا ہے کہ قائدِ ملت لیاقت علی خان کو گولی لگی، آج تک کچھ معلوم نہیں ہوا، مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کو غدار کہا گیا،ایوب خان مادرِ ملت کا الیکشن چرا کر اقتدار پر قابض ہوئے۔

جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف کو ہائی جیکر بناکر سزا دی گئی، پوری دنیا نے بعد میں مانا کہ ہائی جیکنگ کا الزام غلط تھا، ایک شخص کو صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ دے دیا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ دنیا بھر سے پی ٹی آئی کو جو فنڈنگ ہوئی وہ کس مقاصد کے لیے تھی؟ ہسپتال کودیے گئے عطیات پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ میں کیسے پہنچ گئے، عمران خان نے پاکستان کی معیشت کو ڈبویا، عدلیہ سے گزارش ہے ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ روپیہ آج پھر بہتر ہونا شروع ہوا ہے تو تم پھر کال دے رہے ہو،ن لیگ ہمیشہ عدلیہ کے احترام کرنے والوں میں سے ہے۔