اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ خاندانوں کو 3 دن کے اندر 50 ہزار روپے فی خاندان امداد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔انہوں نے ہدایت سیلاب کے حوالہ سے قائم ریلیف کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔
اجلاس میں وفاقی وزرا مفتاح اسماعیل، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، مرتضیٰ جاوید عباسی، مولانا اسعد محمود، مشیرِ وزیرِ اعظم قمر الزمان کائرہ، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزیرِ ہاؤسنگ مولانا عبدالواسع، وزیرِاعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور رکنِ بلوچستان اسمبلی ثناء اللہ بلوچ وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بارشوں کے حالیہ سلسلے کی وجہ سے سیلاب سے ہوئے نقصانات کے تخمینے کیلئے صوبوں کے اشتراک سے سروے اس سلسلے کے بعد شروع کیا جائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سروے کی تکمیل تک حکومت بی آئی ایس پی کے تحت متاثرہ خاندانوں کو 30 ہزار روپے کا فوری ایمرجنسی کیش ریلیف فراہم کرے گی ۔ وزیرِ اعظم نے ریلیف کی رقم کو 30 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے اور این ڈی ایم اے کو اس آپریشن کی نگرانی کرنے کی ہدایات جاری کیں۔