کراچی: ابوالحسن اصفہانی روڈ پر 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 ڈاکو منٹوں میں 80 لاکھ روپے لوٹ فرار ہوگئے۔ ایس ایس پی ایسٹ کراچی عبدالرحیم شیرازی نے صحافیوں کو بتایا کہ سہراب گوٹھ اور ابوالحسن اصفہانی روڈ کے سنگم پر واقع پیٹرول پمپ کے 2ملازم 80لاکھ روپے نجی بینک میں جمع کرانے جارہے تھے کہ 2 موٹرسائیکلوں پر سوار مسلح ملزمان اسلحے کے زور پر ان سے رقم سے بھرا بیگ چھین کر فرار ہوگئے۔
ایس ایس پی شیرازی نے مزید بتایا کہ پیٹرول پمپ اوربینک کے درمیان 600 میٹر کا فاصلہ ہے، پیٹرول پمپ کے عملے نے 200میٹر کا سفر ہی طے کیا تھا کہ راستے میں ہی لوٹ لے گئے۔
اہس اہس پی ایسٹ کا کہنا تھا کہ 10 لاکھ روپے سے زائد کیش کی نقل و حرکت پرپوسی کو مطلع کیا جاتاہے تاہم پیٹرول پمپ انتظامیہ نے اتنی بڑی رقم کی منتقلی کے حوالے سے پیشگی اطلاع ہی نہیں دی۔
سی سی وی ٹی فوٹیج کے مطابق ڈاکوؤں میں سے 2 نے پیلمٹ جبکہ 2 نے چہرے پر عام ماسک پہن رکھے تھے۔ عبدالرحیم شیرازی نے شبہہ ظاہر کیا کہ واردات کی جگہ اور ڈاکوؤں کے آسانی سے فرار ہوجانے سے اس شک کو تقویت مل رہی ہے کہ اس میں پیٹرول پمپ کا عملہ ملوث ہوسکتا ہے۔
پولیس نے پیٹرول پمپ عملے کو شامل تفتیش کرکے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔