کراچی: بھارت سے آنے والے ایک اور چارٹرڈ طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی ہے۔ ترجمان سول ایویشن کا کہنا ہے کہ طیارہ حیدرآباد دکن سے کراچی آیا 12 مسافروں کو لے کر دبئی روانہ ہوگیا۔ چارٹرڈ طیارے نے 12 بجکر 10 منٹ پر کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ ذرائع کے مطابق طیارے میں سوار 12 میں سے 10 مسافر پاکستانی اور 2 غیر ملکی تھے۔ طیارہ گلوبل بمبارڈیئرجی فائیو کا حامل تھا،سی اے اے حکام کے مطابق طیارے نے کراچی ائرپورٹ پراترنے کے لیے باقاعدہ طورپرپیشگی اجازت لی،ترجمان سی اے اے کے مطابق یہ بین الاقوامی چارٹرپرواز تھی،یہ کوئی خصوصی طیارہ نہیں تھا اورانڈیا سے آمد کے سوامذکورہ طیارے کا بھارت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق بھارت سے آنے والا طیارہ نہ تو بھارتی ہے اور نہ ہی خصوصی، چارٹرڈ طیارہ برطانیہ کے جزائر مارشل میں رجسٹرڈ ہے،طیارہ حیدرآباد دکن سے آیا اور 12 پاکستانی مسافروں کو لے کر دبئی روانہ ہوا۔ واضح رہے کہ مختصر مدت میں یہ چھٹا بھارتی طیارہ ہے جس نے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی۔