اسلام آباد:سابق وزیر اعظم عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ شہباز گل کو ننگا کرکے مارا گیا۔ نجی چینل کے پروگرام میں انہوں نے بتایا کہ ہمارا وکیل مل کر آیا تو اس نے بتایا کہ اسے ننگا کر کے مارا گیا،مجھے یہ سن کر اتنی تکلیف ہوئی کہ یہ کس طرح کے حیوان ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ شہباز گل ، مولانا فضل الرحمن ،مریم نواز، ایاز صادق اور نواز شریف کے بیانات اٹھا کر دیکھ لیں پتہ چل جائے گا کس نے کیا کہا،ان لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔
عمران خان نے اپنے چیف آف سٹاف شہباز گل کے فوج سے متعلق متنازع بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ شہباز گل "غلط” تھے اورانہیں ایسا نہیں کہنا چاہیے تھا۔
نجی چینل پرایک انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ شہباز گل کو یہ نہیں کہنا چاہئے تھا کیونکہ یہ فوج کو اکسانے کے زمرے میں آتا ہے اور یہ بالکل درست ہے کہ ہم فوج کو ایک مضبوط ادارے کی حیثیت سے دیکھنا چاہتے ہیں۔