اسلام آباد:حکومت نے 31 اگست تک سرکاری اسکیم کے تحت حج کرنے والے ہر حاجی کو ڈیڑھ لاکھ روپے واپس کرنے کا اعلان کر دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق حج آپریشن 2022 کی تکمیل کے بعد وزیر مذہبی امورمفتی عبدالشکور نے اعلان کیا کہ 31 اگست تک سرکاری اسکیم کے تحت حج کرنے والے ہر حاجی کو ڈیڑھ لاکھ روپے واپس کیے جائیں گے ۔ رقم کی واپسی سبسڈی کی مد میں کی جائے گی جبکہ ادائیگی کا عمل 31 اگست تک مکمل کیا جائے گا۔
وزیر مذہبی امورکے مطابق حجاج کرام اپنی اصل شناختی دستاویزات دکھانے کے بعد یہ رقوم متعلقہ بینکوں سے لے سکتے ہیں ، جن حاجیوں کے اکاؤنٹس ہیں ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی ، مجموعی طور پر5 ارب 10 کروڑ 73 لاکھ 50 ہزار روپےسرکاری اسکیم کے تحت حج کرنے والے 34 ہزار 49 حاجیوں کو واپس کئے جائیں گے ۔ حجاج کو رقوم کی واپسی کی اطلاع ایس ایم ایس کے ذریعے دی جائے گی ۔