اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے وزارتِ داخلہ کی سفارش پر 10 افراد کے ناموں کو ایگزٹ کنٹرول لِسٹ پرڈالنے، 22 لوگوں کے نام ای سی ایل سے نکالنے جبکہ 3 لوگوں کوایک مرتبہ اجازت کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔ کابینہ کو وزراتِ موسمیاتی تبدیلی کی طرف سے ملک میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفاقی کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پر مالی سال 2022-23 کے لیے دِیت کی کم از کم حد 30 ہزار 6 سو 30گرام چاندی کے برابر، جس کی مالیت تقریباً43 لاکھ روپے سے اوپر بنتی ہے، مقرر کرنے کی منظوری دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کی طرف سے 35 ادویات کی قیمتوں (MRP) میں اضافے کی سمری کو متفقہ طور پر مسترد کردیا اور یہ ہدایت جاری کیں کہ ادویات کی قیمتوں میں وفاقی کابینہ کی منظور ی کے بغیر کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ نے ای سی سی کے اجلاس اور CCLC کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کی۔