اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنے چیف آف اسٹاف شہبازگل کی عیادت کرنے کے لیے خود اسپتال جائیں گے اورکل بروز ہفتہ وہ ان کی رہائی کے لیے ریلی کی قیادت بھی کریں گے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر قانون بابر اعوان نے ڈاکٹر شہزاد وسیم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز گل پارٹی کا اثاثہ ہیں، انہوں نے تحریک انصاف کیلیے باہرکی نوکری چھوڑی ہے، شرعی اخلاقیات آڑے نہ آرہی ہوتیں تو جو جرم اس کے خلاف کیا گیا وہ میں بتاتا، قومی روایات اور اسلامی تعلیمات کے باعث شہباز گل کے خلاف جو ہوا، بیان نہیں کرسکتا، عالمی تنظیموں کے پاس بھی یہ تفصیلات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو غلط فہمی میں نہیں رہنے دیں گے کہ ہم 25 مئی کے ملزموں کو بھول جائیں گے، کسی کو بیان دلوانے کے لیے ٹراچر نہیں کیا جا سکتا، راتوں رات پمز کا میڈیکل بورڈ تبدیل کر دیا گیا، میڈیکل رپورٹ بدل دی۔