روپے کی بے قدری، ڈالرایک دن میں 7روپے مہنگا

کراچی : ملک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر 7 روپے مہنگا ہو کر 229 روپے کا ہوگیا۔ انٹربینک میں بھی ڈالر 72 پیسے ہوگیا اور کاروبار کے اختتام پر 218 روپے 38 پیسے کا ہوگیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید 72 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 217 روپے 66 پیسےسے بڑھ کر 218 روپے 38 پیسے ہو گئی ہے۔

دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 7 روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت229 روپے ہو گئی ہے۔مزید برآں پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 28.80 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 43337.97 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.07 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی۔