فائل فوٹو
فائل فوٹو

سیلاب کی تباہ کاریاں جاری۔119مزید افراد جاں بحق

اسلام آباد:ملک بھر میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 119 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 32 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 70 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

 بدترین سیلاب اور بے رحم ریلوں سے تباہی کی وجہ سے ملک بھر میں 1033 اموات، 9 لاکھ 49 ہزار مکانات کو نقصان پہنچا ہے ، جبکہ 8 لاکھ سے زائد مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں سیلاب سے ڈی آئی خان، ٹانک، سوات، نوشہرہ اور چارسدہ میں بڑے پیمانے پرنقصانات ہوئے ہیں، دریائے کابل میں اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، نوشہرہ کلاں ،خٹ کلے،دھوبی گھاٹ، محب بانڈہ اور دیگر علاقوں میں شدید پانی کی وجہ سے مکین اپنے گھر بار چھوڑ کر سڑک کنارے رہنے پر مجبورہو گئے ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان میں بھی ہرطرف تباہی سے صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 250 تک پہنچ گئی، 61488 مکانات کو نقصان پہنچا ہے، 2 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کھڑیں فصلیں تباہ ہوگئیں، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

ادھرسیلاب پورے سندھ کو بہا کر لے گیا، اب تک 347 افراد جان سے گئے، 1 لاکھ 71 ہزار گھر تباہ ہو چکے ہیں، 28 لاکھ ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہو گئیں، مواصلاتی نظام ناکارہ ہوگیا، سیلابی پانی کے باعث ریلوے کا نظام بھی معطل ہو چکا، صوبے میں اب تک 39 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے۔