اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسلم لیگ کے قائدین نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کردی۔
عدالت عالیہ نے نواز شریف اور شہباز شریف سے متعلق سید ظفرعلی شاہ کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں سید ظفر علی شاہ نے نواز شریف کی واپسی کے بیان حلفی کو بنیاد بناکر توہین عدالت کی درخواست دی تھی۔عدالت نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں یہ درخواست اب بھی زیر سماعت ہے، توہین عدالت کی درخواست یہاں قابل سماعت نہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف سے متعلق عبوری حکم نامہ جاری کیا، جس میں وفاقی حکومت کی عائد شرط ختم کی گئی ہے۔
عدالت نے مزید کہا کہ نہ ہی وفاقی حکومت اور نہ ہی قومی احتساب بیورو (نیب) نے اُس حکم نامے کو چیلنج کیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں زیر التوا معاملہ سننا اس عدالت کا اختیار نہیں ۔