اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توہین ِعدالت کیس کی سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں دوپہر ڈھائی بجے ہوگی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ کیس کی سماعت کرے گا ۔ اس موقع پر رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے غیر معمولی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو ایڈیشنل سیشن جج زیبا چودھری سے متعلق ’دھمکی آمیز‘ بیان دینے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔
گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے توہین عدالت کیس میں الفاظ واپس لینے کی پیشکش کی تھی، ذرائع کے مطابق عمران خان کا جواب اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ججز کے احساسات کو مجروع کرنے پر یقین نہیں رکھتے، الفاظ غیر مناسب تھے تو واپس لینے کےلیے تیار ہوں۔