راولپنڈی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکومت سود سے متعلق اپیل واپس نہیں لیتی تو سپریم کورٹ اسے مسترد کر دے، ورنہ ہم وزیراعظم ہاؤس اور سپریم کورٹ کے سامنے ڈیرے ڈال دینگے۔
سودی نظام کے خلاف راولپنڈی میں منعقدہ علما و مشائخ کنونشن سے خطاب میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکمران سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فضائی دورے کررہے ہیں لیکن نیچے نہیں اتر رہے۔باہر سے پیسہ پہنچنے پر سب ایم این ایز اور وزراء ہر بستی میں دکھائی دیں گے۔انہوں نے کہا کہ 13 جماعتی اتحاد پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی یہ سب حکومت میں ہیں، یہ سب ایک دوسرے سے جنگ کررہے ہیں لیکن سودی نظام پر ایک ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت کو 20 سال تک سودی نظام چلانے کیلئے سپریم کورٹ نہیں جانا چاہیئے تھا۔ سیلاب سے اب تک ساڑھے 4 کروڑ لوگ جبکہ 50 لاکھ مکان متاثر ہوچکے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے ارکان ہر جگہ موجود ہیں، اب تک 2 ارب روپے جمع کیئے ہیں، ہمیں سیلاب متاثرین کا دست و بازو بننا چاہیئے۔