کسی کو ٹینٹ مل رہے ہیں تو ہمیں لیکر دے،پیسے دیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

سیہون شریف: وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا ہے کہ ٹینٹ نہیں مل رہے ہیں، کسی کو مل رہے ہیں تو ہمیں لے کر دے، ہم پیسے دیں گے، ریلیف کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز کو ساڑھے تین لاکھ بیگز کا آرڈر دیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ سندھ نے سیہون شریف ایئرپورٹ پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دادو شہر کو بھی بچائیں گے، ایسا نہیں ہے کہ ایک ڈوبا ہے  تو دوسروں کو بھی ڈوبنے دیں، ایم این وی ڈرین کا خود معائنہ کیا، پرانے انجینئرز کو بھی بلایا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم پانی نکالنے اور ریسکیو کے کام کر رہے ہیں، متاثرہ لوگوں کی بحالی کا کام بعد میں کریں گے، آرمی، پاک نیوی اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج سکھر میں تمام سفرا سے مل کر انہیں بریفنگ دی ہے، 2010 کے بعد منچھر جھیل کے بند پر بہت کام ہوا ہے، ایم این وی ڈرین اور منچھر جھیل کو کوئی کٹ نہیں دیں گے۔