عالمی ادارے بچوں کی جانیں بچانےکیلئے امداد دیں، شہباز شریف

کوئٹہ: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے یونیسیف اور دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ بچوں کی جانیں بچانے لیے امداد دیں، سیلاب کی تباہی سے سب سے زیادہ بچے متاثر ہورہے ہیں، بدقسمتی سے اب تک 400 بچے جاں بحق ہوچکے ہیں جو سیلاب سے ہونے والی مجموعی ہلاکتوں کی ایک تہائی تعداد ہے۔

وزیراعظم  نے یہ اپیل بلوچستان کے ضلع کچھی میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد موجود ذرائع ابلاغ سے گفت و شنید کرتے ہوئے کی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بحالی کے کام میں مصروف مزدوروں کے لیے 50 لاکھ روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سب لوگوں نے محنت کی، انہیں شاباش دیتا ہوں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متاثرہ سڑکوں کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔

وزیراعظم نے وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو اور جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں اور متعلقہ حکام کی موجودگی میں کہا کہ چند دنوں بعد میں ایک بار پھر فضائی جائزہ لوں گا، امید ہے تمام امور احسن انداز سے مکمل ہوں گے۔