اکتوبر تک بجلی بلوں میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔ وزیر توانائی

خرم دستگیر نےکہا ہےکہ اکتوبر تک بجلی کے بلوں میں واضح کمی آنا شروع ہو جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے گیپکو ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران میڈیا نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیول پرائس کی مد میں دیئے گئے حکومتی ریلیف سے ملک بھر کے 74فیصد صارفین کو فائدہ پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسم گرما میں اپنے پاکستانیوں کو بجلی کی مسلسل فراہمی برقرار رکھنے کیلئے بجلی کے مہنگے پیداواری یونٹس چلانا پڑے جس کی وجہ سے جون کے مہینہ کا فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ زیادہ آیا جو کہ اب بتدریج کم ہونا شروع ہو گیا ہے اور مہنگے پلانٹ بند ہونے سے اکتوبر تک اس میں واضح کمی آجائے گی۔

خرم دستگیر خان نے یہ بھی کہا کہ ملک بھر میں معمول کے مطابق لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جن فیڈرز پر لائن لاسز حد سے زیادہ ہیں وہاں زیادہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے تاکہ بلوں کی ادائیگی کرنے اور نہ کرنیوالے صارفین میں فرق برقرار رہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیلاب کے باعث جو کھمبے دریاؤں کے قریب تھے وہ بہہ گئے تھے انہیں بھی بحال کردیا گیا ہے تاہم بلوچستان اور سندھ میں کچھ گریڈاسٹیشن خود بند کئے ہیں تاکہ کسی قسم کا کوئی نقصان نہ ہو۔