پاکستان کو شکست، سری لنکا چھٹی بار ایشین چیمپئن بن گیا

متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے فائنل میں سری لنکا پاکستان کو شکست دے کر چھٹی بار ایشین چیمپئن بن گیا۔

ایشیا کپ 2022 کے فائنل میں سری لنکا نے راجا پکسا کے 71 رنز کی شان دار اننگز کے بعد پاکستانی بیٹنگ کو روندتے ہوئے 23 رنز سے شکست دے کر نیا چمپیئن بن گیا۔

دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ فائنل میں بابراعظم نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

 

سری لنکا کے 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹرز مقررہ 20 اوورز میں147رنز بناسکے، محمد رضوان 49 گیندوں پر 55 رنز بناکر نمایاں رہے۔

اس سے قبل 58 کے مجموعی اسکور پر آدھی ٹیم کے پویلین لوٹنے کے بعد بھانوکا راجاپکسا کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر170 رنز بنائے۔راجاپکسا 45 گیندوں پر 71 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں، حسن علی اور عثمان قادر کی جگہ نسیم شاہ اور شاداب خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا کی اننگز کا آغاز بالکل اچھا نہ رہا ،پہلے ہی اوور میں 2 کے مجموعی اسکور پر اوپنر کوشل نسیم شاہ کی شاندارگیند پر بولڈ ہوگئے۔

سری لنکا کو دوسرا نقصان پاتھم نسانکا کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 8 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

دوسرے اوور میں نسانکا نے محمد حسنین کو دو چوکے رسید کیے اور اسکور 16 رنز تک پہنچایا، جس کے بعد نسیم کے دوسرے اوور میں بھی ایک چوکا مارا 3 اوورز میں اسکور 23 کردیا۔

سری لنکن ٹیم کی تیسری وکٹ چھٹے اوور میں 36 کے مجموعی اسکور پر گری، گھناتھیلاکا حارث رؤف کی تیز گیند کا سامنا نہ کرسکے اور ایک رنز بناکر بولڈ ہوگئے جبکہ افتخار احمد نے سیٹ بیٹر دھننجایا ڈی سلوا کو 28 رنز پویلین بھیجا۔

سری لنکا کو پانچواں نقصان کپتان داسن شانکا کی صورت میں اٹھانا پڑا ، وہ 2 رنز بناکر شاداب کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

58 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد بھانوکا راجاپکسا اور ہسارنگا کے درمیان شاندار 58 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر ہسارنگا 21 گیندوں پر 36 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اختتامی اوورز میں راجا پکسا جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 45 گیندوں پر 71 رنز بناکر ناقابل شکست رہے،اس کے علاوہ کرونارتنے نے 14 رنز بنائے۔

کپتان نے حارث کی گیند پر نسانکا کا کیچ لیا اور سری لنکا کو بڑا نقصان پہنچایا اور 5 رنز دیے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3 ، نسیم، شاداب اور افتخار نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

 

سری لنکا کے 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا، کپتان بابر اعظم ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، وہ صرف 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ نئے آنے والے بیٹر فخر زمان پہلی گیند پر صفر پر پویلین لوٹے۔

22 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد افتخار احمد اور محمد رضوان کے درمیان 71 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر افتخار 31 گیندوں پر 32 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

 

پاکستان کی چوتھی وکٹ 102 رنز پر گری، محمد نواز 6 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے، اس کے بعد میڈل آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا، خوشدل شاہ 2، محمد آصف صفر اور شاداب خان 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔محمد رضوان نے 49 گیندوں پر55 رنز بنائے پر وہ بھی پاکستان کو کامیابی نہ دلواسکے اور پوری ٹیم 20 اوورز میں 147 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

سری لنکا کی جانب سے مدوشان نے 4 اور ہسارنگا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

یوں پاکستان کو 23 رنز سے شکست دے کر سری لنکا نے ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

 

پاکستانی ٹیم

قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کررہے ہیں جب کہ دیگر اسکواڈ میں وکٹ کیپر محمد رضوان، فخر زمان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، آصف علی، محمد نواز، شاداب خان، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔

 

سری لنکن ٹیم

سری لنکا کی قیادت داسن شاناکا کررہے ہیں جب کہ دیگر اسکواڈ میں پتھم نسانکا، کوسل مینڈس، دھننجایا ڈی سلوا، دانوشکا گناتھیلاکا، بھانوکا راجا پاکسے، چمیکا کرونارتنے، وینندو ہسرنگا ڈی سلوا، مہیش تھیکشنا، پراموڈ مدھوسن اور دلشان مدوشنکا شامل ہیں۔