4 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے نئی تاریخ کا اعلان

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے 4 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے نئی تاریخ کا اعلان کردیا، چاروں حلقوں میں پولنگ کی تاریخ 9 اکتوبرمقررکرنے کی منظوری دی گئی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا کہ سیلابی صورتحال کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے 13 حلقوں میں ضمنی انتخاب ملتوی کیے تھے، قومی اداروں کی سیلاب متاثرین کیلیے امداد میں مصروفیت کی وجہ سےانتخابات کی تاریخ ملتوی کی گئی تھی، التوا اور انتخابات کی دوبارہ تاریخ کے حوالے سے آج اجلاس طلب کیاگیا، ضمنی انتخابات کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، چاروں حلقوں میں پولنگ کی تاریخ 9 اکتوبرمقررکرنے کی منظوری دی گئی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق جن حلقوں میں انتخابات 9اکتوبرکو ہوں گے ان میں پی پی 241 بہاولنگر،پی پی 209 خانیوال ، این اے 157 ملتان اورپی پی 139 شیخوپورہ شامل ہیں ۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا کہ 9حلقوں کے نوٹیفکیشن معطلی سے متعلق ہائیکورٹ کا تحریری فیصلہ حاصل کیا جائے گا، فیصلے پرغورکے بعد 9 حلقوں میں ضمنی انتخاب کےلیے اجلاس 14 ستمبرکو ہوگا۔