پشاور کی مقامی عدالت نے ہرجانہ کیس میں پیش نہ ہونے پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر جرمانہ عائد کردیا۔
پشاور کے ایڈیشنل سیشن جج آفتاب اقبال نے عمران خان کے خلاف ہرجانہ کیس کی سماعت کی۔
وکیل درخواست گزار غفران اللہ شاہ کا کہنا تھاکہ درخواست گزار اور گواہان عدالت میں موجود ہیں لیکن عمران خان کی جانب سے عدالت میں کوئی پیش نہیں ہوا۔
عدالت نے عمران خان پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا اور کیس کی مزید سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ سینیٹ الیکشن 2018 میں ووٹ بیچنےکےالزام پرفوزیہ بی بی کی پارٹی رکنیت معطل کی گئی تھی اور فوزیہ بی بی نےعمران خان کے خلاف 50 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیاتھا۔
عمران خان نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں اپنا تحریری جواب جمع کرادیا
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں اپنا تحریری جواب جمع کرادیا۔
تحریری جواب بیرسٹرگوہراورفیصل چودھری ایڈووکیٹ کی جانب سے جمع کرایا گیا، عمران خان نے توہین کمیشن کیس میں دائرہ اختیاراورنوٹس کو چلینج کیا ہے۔
جواب میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا نوٹس آئین کیخلاف ہے، الیکشن کمیشن کے پاس توہین کے مقدمات سننے کا اختیارنہیں ہے۔
عمران خان نے الیکشن کمیشن کی توہین نہیں کی۔ عمران خان نے اپنے بیانات میں الیکشن کمیشن کے کردارپرخدشات کااظہارکیا ہے۔
جواب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس بھجوانے کا اختیار نہیں ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے نوٹسزواپس لینے کی استدعا بھی کی ہے۔