اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی اپنے عروج پرہے کسی کوکوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔ہم ادھر اُدھر دیکھتے ہیں تو قرضہ ہی ہمارا پیچھا کرتا ہے، ہم کسی دوست ملک کے پاس جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں یہ مانگنے آئے ہیں۔
اسلام آباد میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کی پاسداری نہیں کی ، آئی ایم ایف نے ناک سے ہماری لکیریں نکلوائیں ، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط کو تسلیم کیا تھا ، سیلاب نہ بھی آتا تو معاشی حالات بہت برے تھے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سیلا زدہ علاقوں میں پانی اب بھی تباہی مچا رہا ہے ، سیلاب متاثرین کیلئے پینے کا پانی چیلنج بن گیا ہے ، لاکھوں لوگ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ، ہم ایٹمی طاقت نہ ہوتے تو مسائل مزید گھمبیر ہوتے ، 75 سال بعد آج ہم کشکول لے کر پھر رہے ہیں ، کسی ملک کو کال کرتے ہیں تو وہ سمجھتے ہیں کہ ہم کچھ مانگیں گے ، ہم آج بھی غربت سے جنگ لڑ رہے ہیں ، سیلاب متاثرین کوایک وقت کی روٹی کے لالے پڑے ہیں ۔
شہباز شریف نے کہا کہ قوم پوچھ رہی ہے ہم آج بھی کیوں رینگ رہے ہیں،اس سوال کا جواب بطوروزیراعظم پہلے مجھے اور پھر سب کو دینا ہے، مشکل وقت میں ہمیں سیلاب متاثرین کا سوچنا ہو گا، سیلاب زدہ علاقوں میں گاؤں صفہ ہستی سے مٹ چکے،سیلاب زدہ علاقوں میں چاول، کپاس، گنا سمیت سب کچھ تباہ ہو گیا ہے، ہمیں ملک کی تقدیر بدلنا ہو گی۔