صدر علوی کا سیلاب متاثرین کیلیے5 کروڑ روپے امداد کا اعلان

نواب شاہ: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سیلاب متاثرین کے لیے اپنی جانب سے 5 کروڑ روپے دینے کا اعلان کر دیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  نواب شاہ کے دورے پر  پہنچے اور سیلاب متاثرین  سے ملاقات کی ، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کی جانب سے انہیں   بریفنگ دی گئی ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مخیر حضرات بھی سیلاب زدگان کی مدد کریں،میں سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا خود سروے کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پولیس اور فورسز نے تندہی سے کام کیا انہوں نے انسانی جانیں بچانے میں کردار ادا کیا۔ بارش اور سیلاب سے شمالی علاقے، سندھ اور بلوچستان میں زیادہ نقصان ہوا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بارش اور سیلاب کا پانی نکالنے کے لیے وقت درکار ہو گا، سیلابی پانی کے باعث 80 فیصد فصلوں کو نقصان ہوا۔آسمانی آفت کے نقصانات کا 100 فیصد ازالہ ممکن نہیں ۔

صدر مملکت نے کہا کہ  ہم نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی ہے کہ مخیر حضرات دل کھول کرامداد کریں ، کراچی والوں نے بھی سیلاب زدگان کی بہت مدد کی ہے ، ہنگامی صورتحال میں بیرونی قرضے معاف ہو جاتے ہیں ، میں اپنی جانب سے پانچ کروڑ روپے کا اعلان کرتا ہوں۔