دیوار سے لگایا گیا تو احتجاج کی کال دینگے، عمران خان

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں تاخیر سے پاکستان کو نقصان ہو گا۔شہباز شریف کے پاس سوائے پیسے مانگنے کے کوئی پلان نہیں ہے۔ ہمیں دیوار کے ساتھ لگایا جا رہا ہے، اگر یہ اسی طرح چلتے رہے تو پھرہم زیادہ دیر صبر نہیں کرسکتے اور عوام کو احتجاج کی کال دینگے۔عوام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہماری معیشت تیزی سے نیچے جارہی ہے، مجھے خوف آرہا ہے جس طرف معیشت جارہی ہے اور جتنی دیرتک سیاسی استحکام نہیں آئے گا تب تک معیشت میں استحکام نہیں آسکتا۔ موجودہ حکومت کی پاکستان اور باہر کوئی وقعت نہیں، حکومت نے کہا تھا عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) قسط آنے کے بعد حالات بہترہوں گے،اس وقت ملک میں تاریخی مہنگائی ہے، انہوں نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط کوتسلیم کیا، روپیہ مسلسل گررہا ہے، انتخابات میں تاخیر سے پاکستان کو نقصان ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ دعوٰی کرتا ہوں پاکستان کی تاریخ میں تحریک انصاف جیسی کوئی مقبول جماعت نہیں،پورے پاکستان کو اگر کوئی جماعت اکٹھا رکھ سکتی ہے تو تحریک انصاف ہے، شہباز شریف کو ایف آئی اے کیس میں سزا ہونے والی تھی،اس کی60 فیصد کابینہ ضمانت پرہے،یہ صرف اپنے کیسز معاف کرا رہے ہیں، ان کو پاکستان کی کوئی فکر نہیں، یہ شہبازشریف کو آئن اسٹائن سمجھ رہے تھے ، آئے گا تو سارا کچھ ٹھیک کردے گا۔

پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ یہ ایکسپورٹ 24 ارب چھوڑ کر گئے ہم اسے 32 ارب ڈالر تک لیکر گئے، ہمارے دور میں صدی کا سب سے بڑا کورونا کا بحران بھی آیا، دنیا نے کرونا کے دوران ہماری پالیسی کو سراہا، برصغیر میں کرونا کے دوران ملک میں سب سے زیادہ روزگار دیا، اگر کورونا کے دوران حکومت ہوتی تو پورے ملک کو لاک ڈاؤن کر دیتے، سیلاب آیا ہے ان کا کوئی روڈ میپ نظر نہیں آ رہا، شہباز شریف کے پاس سوائے پیسے مانگنے کے کوئی پلان نہیں ہے، شہبازشریف نے تو انتونیوگوتریس کا بازو ہی نہیں چھوڑا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں 16 روپے آج فی یونٹ 36 روپے ہو چکا ہے، عام آدمی کے لیے بجلی بل جمع کرانا مشکل ہو گیا ہے، عالمی منڈی میں مہنگا تیل ہونے کے باوجود ہم 150 روپے لٹر تیل دے رہے تھے،آج عالمی منڈی 10 ڈالرکی قیمت کم اور آج ڈیزل 248، پٹرول 236 روپے ہو چکا ہے، ہمارے دور میں 50 روپے کلو آٹا اور آج 100 روپے تک چلا گیا ہے،5 ماہ میں کیا ہوا قیمتیں کہاں سے کہاں چلی گئیں؟ میں اس وقت کہتا تھا پوری دنیا میں مہنگائی ہو رہی ہے،یہ اس وقت مہنگائی مارچ کرتے تھے،اللہ تعالیٰ نے ان کو ایکسپوزکردیا ہے مہنگائی تو بہانہ ہے، انہوں نے اپنے کرپشن کیسزمعاف کرانے تھے، آج پاکستان کی تاریخ کی سب سے زیادہ مہنگائی ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں 17 سال بعد گروتھ ریٹ 6 فیصد ہو رہی تھی، آج گروتھ صفر پر چلی گئی ہے، ہمارے دور میں پاکستان کی تاریخ کا اپریل میں سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا گیا، آج ملک میں کار کی 50 فیصد انڈسٹریز بند ہو گئی ہے، ملک میں 20فیصد ٹیکسٹائل انڈسٹریز بند ہوگئی ہیں، ملک میں سیمنٹ کی 34 فیصد سیل کم ہو گئی ہے، ایک طرف مہنگائی، دوسری طرف بے روزگاری کا سامنا ہے، ورلڈبینک کے مطابق پاکستان سری لنکا والی صورتحال کی طرف جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین ملک کا سوچنے کے بجائے کرپشن کیسز ختم کر رہے ہیں، پاکستان نے 30 ارب ڈالر قرضوں کا سود دینا ہے، موڈیز، فچ ادارے نے بھی پاکستان کی ریٹنگ کو منفی کر دیا ہے، اب ملک میں قرضے واپس کرنے کی سکت نہیں رہی، طاقتور لوگوں کو واضح طورپر بتایا تھا بڑی مشکل سے معیشت کو سنبھالا ہے، کہا تھا اگر ملک میں عدم استحکام ہوا تو براہِ راست معیشت پر اثر پڑے گا، جیسے ہی سیاسی استحکام بکھرتا ہے تو لوگوں کا اعتماد ختم ہو جاتا ہے، ہمارے خلاف جوسازش ہوئی جن کے پاس پاورتھی وہ روک سکتے تھے۔