آرمی چیف توسیع کے معاملے پر عمران خان کا کارڈ ناکام

امکان یہی ہے کہ آرمی چیف اپنی مدت ملازمت میں توسیع پر آمادہ نہیں ہوں گے- سینیئر تجزیہ کار عاصمہ شیرازی

اسلام آباد {امت رپورٹ} سینئر تجزیہ کار عاصمہ شیرازی نے دعوی کیا ہے کہ آرمی چیف کی توسیع کے معاملے پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کارڈ ناکام ہوگیا ہے۔زیادہ امکان یہی ہے کہ موجودہ آرمی چیف اپنی مدت ملازمت میں توسیع پر آمادہ نہیں ہوں گے اور شہباز شریف کی حکومت مقررہ مدت پر نئے فوجی سربراہ کا تقرر کرے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ آرمی چیف سے عمران خان کی ایک نہیں بلکہ دو ملاقاتیں ہوئیں جو صدر عارف علوی کے ذریعے ممکن بنائی گئیں تاہم ان ملاقاتوں میں تحریک انصاف کے سربراہ کے لیے زیادہ حوصلہ افزا نتائج برآمد نہیں ہوسکے۔

عمران خان کی آرمی چیف سے دو ملاقاتیں ہوئیں تاہم حوصلہ افزا نتائج برآمد نہیں ہوسکے

رپورٹ کے مطابق عمران خان کی پہلی کوشش تھی کہ کسی طرح فوری انتخابات کا اعلان ہو جائے اور نومبر میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا معاملہ ٹال دیا جائے، یا پھر وہ اپنی خواہش کے مطابق خود اقتدار میں آکر آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ کریں۔ دوسری صورت میں عارضی مدت کے لیے موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو توسیع دی جائے اور اگلے سال مارچ میں تحریک انصاف اقتدار میں آکر نئے آرمی چیف کا تقرر کرے تاہم فی الوقت عمران خان کے یہ دونوں منصوبے ناکام ہوگئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق انہیں باور کرا دیا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں کے پیش نظر فوری الیکشن کرانے کا مطالبہ مناسب نہیں اور یہ کہ اہم ترین عہدے پر تعیناتی توسیع یا تعیناتی کسی کی ذاتی خواہش پر نہیں ہوگی۔