وزیر اعلی بلوچستان نے جے یو آئی کو حکومت میں شمولیت کی دعوت دیدی

کوئٹہ: بلوچستان حکومت میں شامل ہونے کے لے جے یو آئی اور عبدا لقدوس بزنجو کے درمیان رابطے تیز ہوگئے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلی بلوچستان نے جے یو آئی کو بلوچستان حکومت میں شمولیت کے لیے دعوت دیدی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آج وزیر اعلی بلوچستان جے یو آئی بلوچستان کے امیر اور وفاقی وزیر مولانا عبدالواسع سے ملاقات کریں گے۔وزیراعلی بلوچستان آج مولانا عبدالواسع کی جانب سے دیے گئے کھانے کی دعوت میں شرکت کریں گے۔

جے یو آئی اسپیکر شپ،سینئر وزیر سمیت پانچ وزارتوں کا مطالبہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے سامنے رکھے گی۔ دونوں طرف کی قیادت مشاورت کے بعد فیصلہ کرے گی جس میں دو تین روز لگ سکتے ہیں۔

دوسری جانب حکومتی اتحادی جماعت عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے پارلیمانی لیڈر و صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو جے یو آئی سے چھپتے ہوئے منظرِ عام سے غائب ہیں۔

اصغر خان اچکزئی نے چمن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی وزارتیں مانگنے کے لیے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے پیچھے پڑی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ عبدالقدوس بزنجو جے یوآئی سے چھپنا چاہ رہے ہیں، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان مشکل میں پھنس گئے کہ جے یو آئی کو وزارتیں دے کر کس کو کابینہ سے نکالیں۔