دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، پی ڈی ایم اے سندھ
دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، پی ڈی ایم اے سندھ

اے ایس ایف کے 400 اہلکار بھی سیلاب متاثرین میں شامل

ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے ائیرپورٹس پر تعینات اے ایس ایف اہلکاروں کے 40 گھر تباہ جبکہ 400 اہلکاراور ان کے اہل خانہ متاثر ہوئے ۔

کراچی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ائیرپورٹ سکیورٹی فورس کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عابد لطیف خان نے کہا ہےکہ ملک میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں موجود ائیرپورٹس پر تعینات اے ایس ایف ملازمین کے 40 گھر تباہ ہوئے جس سے 400 اہلکار اور ان کے اہلخانہ بھی متاثر ہوئے ہیں۔

میجر جنرل عابد لطیف خان کا کہنا ہے کہ ان اہلکاروں کی امداد و بحالی اے ایس ایف فاؤنڈیشن اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ذریعے کی جائے گی، سیلاب سے متاثرہ اے ایس ایف اہلکاروں کی فوری امداد کے علاوہ ان کے منہدم 40 مکانات کی تعمیر کا بھی جلد آغاز کیا جائے گا۔

ڈی جی اے ایس ایف کے مطابق بیرون ملک سے آنے والی امدادی پروازوں کو ائیرپورٹس پر تمام سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اے ایس ایف کے سابقہ ڈی جیز کی جانب سے قائم کردہ اے ایس ایف فاؤنڈیشن اور اس کے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں، اسی تناظر میں کراچی کے صنعت کاروں کی معاونت سے اے ایس ایف سٹی میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام کے لیے اراضی فراہم کی گئی ہے، سٹی سے ملحقہ اراضی پر صنعتی زون کی تعمیر کے لیے بھی ابتدائی بات چیت کا آغاز کیا گیا ہے۔