کراچی: وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان نے پھراسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کیا تو ان کے ساتھ مناسب سلوک کیا جائے گا۔ انہوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے لیے ایک ‘دوائی’ تیارکی ہے، اسلام آباد آنے پران کا علاج کریں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ لا پتہ افراد کے اہلخانہ سے ملاقات کیلیے کراچی پہنچے ، وزیر داخلہ نے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرکوئی شخص اداروں کے خلاف بات کر رہا ہے یا کوئی جرم سرزد کر رہا ہے تو اس کے خلاف مقدمہ ہونا چاہیے ۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسٹر ایکس اور مسٹر وائے کے بارے میں عمران خان کو پتہ ہونا چاہیے، اگرعمران خان میں اتنی جرات ہے تو وہ سیدھی بات کریں یا پھر نہ کریں۔ تصادم کے راستے کے بجائے افہام و تفہیم سے اس مسئلے کو آگے بڑھارہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے لا پتہ افراد کے اہلخانہ سے ہونے والی گفتگو پرکہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر یہاں پہنچے ہیں ، ایم کیو ایم کے لا پتہ ارکان کے معاملے پران کے وفد نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی ، ہم گمشدگی اورلاپتہ کرنے کے خلاف ہیں،ایسا نہیں ہونا چاہیے ، تمام لاپتہ خاندانوں سے ہمدردی رکھتے ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ لاپتہ افراد کے اہلخانہ نے اپنا دکھ اور احتجاج ریکارڈ کرایا، ہم پھرلا پتہ افراد کے اہلخانہ سے ملاقات کرینگے ،لا پتہ افراد کا تعلق جس بھی صوبے سے ہوگا ان کی بازیابی کیلیے پوری کوشش کریں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہو سکتا ہے عمران خان کو اٹھا کر باہرکردیا جائے ، اگرکوئی اداروں کے خلاف بات کر رہا ہے یا جرم کر رہا ہے تو مقدمہ ہونا چاہیے ۔
سوات میں طالبان کے دوبارہ وجود میں آنے کی قیاس آرائیوں پر بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ خبریں جھوٹی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے سیکورٹی اہلکار الرٹ ہیں، اور روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کر رہے ہیں۔