لاڑکانہ : جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ اور حکمران اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر مولانا فضل الرحمن نے ٹرانس جینڈر بل کو قرآن و سنت سے بغاوت قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان کی جماعت بل میں ترمیم کیلئے جامع نکات مرتب کر رہی ہے اور اس سلسلے میں بھرپور مزاحمت کی جائے گی ۔۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہمارے دوستوں نے بھی اس حوالے سے ترامیم تیار کی ہیں تاہم ہمارے ماہرین کے نزدیک وہ ناکافی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی میں کچھ اراکین نے ٹرانس جینڈر بل کا معاملہ اٹھایا ہے اس سے یہ ایشو ہائی لائٹ ضرور ہوا ہے تاہم یہ معاملہ پرانا ہے اور جس طرح چوری چھپے بعض بل مخصوص مقاصد کے لیے منظور کرا لیے جاتے ہیں، یہی معاملہ اس بل کا بھی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پارلیمنٹ قرآن و سنت سے متصادم کوئی بھی قانون نہیں بنا سکتی۔ہم اس کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں گے کیونکہ یہ صرف متصادم ہی نہیں قرآن و سنت سے بغاوت کے مترادف ہے۔