اسلام آباد: اداروں میں بغاوت پر اُکسانے کے الزام کے کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شعیب اختر کی عدالت میں ہوئی، جہاں پولیس نے چالان جمع کروا دیا جب کہ عدالت نے شہباز گل کی آج حاضر ی معافی کی درخواست منظور کرلی۔
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل ضمانت پر ہیں۔ سماعت کے دوران شہباز گل کے وکیل علی بخاری ایڈووکیٹ نے عدالت میں درخواست دی کہ شہباز گل کی تمام دستاویزات پولیس قبضے میں ہیں، حوالے کی جائیں، جس پر عدالت نے سامان کی سپرداری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے پی ٹی آئی رہنما کے ٹرائل کے لیے کیس فائل سیشن جج کو بھیج دی۔ شہباز گل کے خلاف اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں مزید سماعت اب 24 ستمبر کو ہوگی۔
دوسری جانب اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں شہباز گل کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ انعام للہ نے کی۔ دوران سماعت پولیس کی جانب سے مقدمے کا چالان پیش نہ کیا جا سکا ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مکمل چالان پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ شہباز گل کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں ناجائز اسلحہ کا مقدمہ درج ہے۔