لاہور:سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ ہفتے سے تحریک شروع ہو جائے گی، جب کال دوں تو آپ نے میرے ساتھ نکلنا ہے۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہرآل پاکستان وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہ ایک دفعہ ملک میں قانون کی بالادستی قائم کر دیں ہم ملک کے حالات ٹھیک کر کے دکھائیں گے، اوورسیز پاکستانی جب سرمایہ کاری کریں گے تو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں پڑے گی، جب تک انصاف کا نظام ٹھیک نہیں ہوتا تب تک معیشت ٹھیک نہیں ہو سکتی۔
پی ٹی آئی کے چیئر مین نے کہا کہ وکلا برادری کا شانداراستقبال پردل سے شکرگزارہوں، امپورٹڈ حکومت پاکستان کودلدل کی طرف لیکر جا رہی ہے، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان میں سری لنکا والی صورتحال ہے، پاکستان کی 50 سالہ تاریخ کی سب سے زیادہ مہنگائی ہے، ہم پاکستان کواس دلدل سے نکالیں گے، ملک کو قانون کی بالادستی کی ضرورت ہے، جب تک انصاف کا نظام ٹھیک نہیں ہوتا تب تک معیشت ٹھیک نہیں ہو سکتی
انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک میں کبھی کسی کو نامعلوم فون کالز نہیں آتی، مغرب میں زمینوں پر کسی کوقبضہ کرنے کی جرات نہیں ہوتی، مغرب میں شہباز گل جیسا تشدد کی کسی کو اجازت نہیں، شہباز گل کوئی دہشتگرد نہیں تھا برہنہ کرکے اس پرتشدد کیا گیا، ہمارے ملک میں صحافیوں پرمقدمات بنائے جارہے ہیں۔ ایازمیرجیسے دانشورکوانہوں نے ذلیل کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے سوشل میڈیا کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، یہ ظلم اور جنگل کا نظام ہے، طاقتور جو مرضی کرے، قانون نافذ کرنے والے ادارے ہی قانون توڑتے ہیں، جب تک ملک میں رول آف لا نہیں ہوتا اس ملک میں سرمایہ کاری نہیں آسکتی، مغرب میں کسی ایک ملک کے وزیراعظم کا نام بتا دیں جس کی بیرون ملک اربوں کی پراپرٹی ہو، یہ جنگل کا قانون ہے شیر جومرضی کرتا ہے اسے کوئی نہیں پوچھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی مہذب معاشرے میں کوئی تصور کر سکتا ہے جس شخص کوسزا ہو وہ وزیراعظم بن جائے، شہباز شریف مفرورسے مشاورت کررہا ہے پاکستان کا آرمی چیف کون ہو گا، یہ ملک کی نیشنل سکیورٹی کا سب سے بڑا عہدہ ہے، اربوں چوری کرنے والا ڈاکو، مفرورپاکستان کی نیشنل سکیورٹی کے عہدے کا فیصلہ کریں گے؟ کیا ایسا کسی مہذب معاشرے میں کوئی تصورکرسکتا ہے؟
قبل ازیں دورہ لاہور کے دوران چئیرمین تحریک انصاف عمران خان ایوان وزیراعلیٰ پہنچے ہیں جہاں سنئیر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے ان کا استقبال کیا ۔
اس موقع پر عمران خان کی زیر صدارت پارٹی قیادت کا اعلیٰ سطحی اجلاس بھی ہوا جس میں اجلاس میں صوبائی صدر یاسمین راشد ، حماد اظہر ، برگیڈئیر رایجاز شاہ نے شرکت کی اور مختلف اضلاع کے عہدیدار بھی شریک ہوئے ۔
اجلاس کے دوران سنئیر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے پنجاب کی صورتحال پر بریف کیا اور پارٹی کی پنجاب میں فعالیت اور سیاسی چیلینجز پر بھی بات چیت کی گئی ۔
اجلاس کے دوران عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، ملک کا مفاد اور عوام کی بہتری اسی میں ہے کہ حکومت سے جلد نجاد ملے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی ایوان وزیراعلیٰ میں پارٹی رہنمائوں اور وفود کی ملاقاتیں بھی ہوئیں ہیں۔