اسلام آباد: سینئر صحافی ایاز امیرکے بیٹے نے گھر میں اپنی اہلیہ کو قتل کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیاہے کہ چک شہزاد میں سینئر صحافی ایاز میر کے بیٹے شاہ نواز نے اپنی بیوی سارہ کو قتل کر دیاہے ، پولیس کے سینئر افسر ان اور فرانزک ٹیمیں موقع پر موجود ہیں ،واقعے کی تفتیش کی جارہی ہے، جو بھی حقائق سامنے آئے ہیں وہ شیئر کیے جائیں گے ۔
ایاز امیر کے بیٹے شاہ نوازکوگرفتارکرلیا گیاہے، مقتولہ سارہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلیے پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے ۔
ذرائع کا کہناہے کہ ایازا میر کے بیٹے نے اپنی بیوی سارہ کو سر پر بھاری آہنی چیز سے وارکرتے ہوئے قتل کیا، میاں بیوی کے درمیان آج صبح جھگڑا ہوا تھا ، پولیس اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی تو وہاں شاہ نواز موجود تھا جس پر پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔
یہ واقعہ آج صبح 10 بجے کے قریب پیش آیا جب شاہ نواز امیر نے ایکسپر سائز ڈمبل کے وار سے اہلیہ سارہ کو قتل کیا اور پھر گھر سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن والدہ نے پولیس کو بر وقت اطلاع کردی۔
فیملی ذرائع کا کہناہے کہ سارہ گزشتہ روز ہی دبئی سے واپس آئی ، وہ دبئی میں ملازمت کرتی تھیں اور انہوں نے آتے ہی گاڑی بھی خریدی تھی ،گزشتہ رات سے دونوں کے درمیان تکرا ر شروع تھی جو کہ جھگڑے میں تبدیل ہو ئی، صبح جب والدہ نے دیکھا تو سارہ مردہ حالت میں کمرے میں موجود تھی ، شاہ نواز نے بیوی کی ڈیڈ باڈی کو اٹھایا اور واش روم میں لے جا کر ٹب میں رکھ دیا پھر پانی کھول دیا ، والدہ نے جب یہ منظر دیکھا تو انہوں نے فوری پولیس کو اطلاع دی ۔
سارہ کینیڈین نژاد تھیں اور شاہ نواز کی ان کے ساتھ تیسری شادی تھی ، دونوں کی ملاقات سماجی رابطوں کی ویب سائٹ کے ذریعے ہوئی اور پھر انہوں نے تین ماہ قبل شادی کر لی تھی ۔