وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں عالمی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ ملاقات اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں شرکت کرنے والے عالمی رہنمائوں کے اعزاز میں امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر ہوئی۔ملاقات کے موقع پر امریکی صدر کی اہلیہ بھی موجود تھیں۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب میں سینکڑوں اموات پرافسوس کا اظہارکیا اورمتاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کے افسوس اور ہمدردی کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی مدد کے عالمی برادری کے نام پیغام اور پاکستان کی حمایت پر امریکی صدر کا خاص طورپرشکریہ ادا کی۔
New York: Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif meets President Joe Biden at the reception of world leaders participating in 77 th session of UNGA hosted by US President Joe Biden.#PMShehbazAtUNGA pic.twitter.com/rYJubn2dva
— PML(N) (@pmln_org) September 23, 2022
وزیراعظم نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ) کی سربراہ کے دورہ پاکستان اور امداد بھجوانے پر امریکی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔امریکی صدر جو بائیڈن نے مشکل انسانی صورتحال میں پاکستان کی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہارکیا۔
شہباز شریف کی جنرل سیکریٹری اقوام متحدہ اوربل گیٹس سے الگ الگ ملاقات
قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس سے علیٰحدہ علیٰحدہ ملاقاتیں کیں ، اس موقع پر وزیر اعظم نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے آگاہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر سیکریٹری جنرل انتونیو گویتریس سے ملاقات کی ، وزیر اعظم نے سیکریٹری جنرل کے بروقت دورہ پاکستان کو سراہا ۔ وزیر اعظم پاکستان نے متاثرین کیلئے عالمی سطح پر حمایت اور امداد کیلئے انتونیو گویتریس کی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں کے پاکستان پر اثرات اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق بھی آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے مائیکرو سافٹ کے بانی بن گیٹس سے بھی ملاقات ، ملاقات میں بل گیٹس نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے امداد سرگرمیوں میں تعاون پر مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور بل گیٹس فاؤنڈیشن کا شکریہ بھی ادا کیا۔