اسحاق ڈار احتساب عدالت میں سرینڈر کیلئے پیش نہ ہوئے

اسلام آباد: سابق اورمتوقع وزیرخزانہ اسحاق ڈار آمدن سے زائد اثاثوں کے نیب ریفرنس میں سرینڈر کرنے کے لئے احتساب عدالت میں  پیش نہ ہوئے۔

واضح رہے کہ احتساب  عدالت نے اسحاق ڈار  کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کرکے رضا کارانہ  پیش  ہونے کی  ہدایت کی تھی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اگر ملزم خود پیش ہونا چاہتا ہے تو ایک موقع دیا جانا ضروری ہے۔

وزیرداخلہ راناثناءاللہ نے کہا ہے کہ  احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر  چھٹی پر ہیں، جب جج  آئیں گے  توہم بھی اسی روز آجائیں گے۔ وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ اور  لیگی رہنما  احتساب عدالت  سے واپس روانہ  ہوگئے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی ممکنہ  پیشی کے موقع پر سیکورٹی کا سخت انتظام کیا گیا،پولیس کی بھاری  نفری تعینات کی  گئی۔