پاناما جیسے ڈرامے بند کریں،ملک کو چلنے دیں ۔اسحاق ڈار

اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر اور وفاقی وزیراسحاق ڈارنے کہا کہ ملک کو چلنے دیں ، پاناما جیسے ڈرامے اب بند ہونے چاہئیں ۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار سے صحافی نے پوچھا کہ آپ نے کن کو یہ پیغام دیا ہے کہ ملک کو چلنے دیں اورپاناما جیسے ڈرامے اب بند ہونے چاہئیں ،کیا یہ پیغام اسٹیبلشمنٹ کیلیے ہے ؟ ، اسحاق ڈار نے واضح جواب میں کہا کہ یہ پیغام عمران خان اور پی ٹی آئی کیلیے ہے ۔

اسحاق ڈار نے ملکی معیشت پربات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی حکومت ملک کو اس مقام پر لے گئی ہے جہاں معیشت زبوں حالی کا شکار ہے ، دو تین دن سے ڈالر کی قیمت نیچے آرہی ہے جس کے باعث گردشی قرضے میں کمی آئی ، ہمارا پہلا ہدف روپے کو مستحکم کرنا  اور دوسرا مہنگائی کی سطح کم کرنا ہے ، میں پہلے تین مرتبہ وزیر خزانہ رہ چکا ہوں   اللہ نے چوتھی مرتبہ  بھی خدمت کا موقع دیا ہے ۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ڈیل کرنے والے کون ہیں  آپ کو پتہ ہیں ،آر ٹی ایس کیسے بند ہوا تھا، الیکشن ہائی جیک کیسے ہوا ،  ملک و قوم کے قیمتی پانچ سال ضائع ہو چکے ہیں ، ملک 18 ویں معیشت بنتے بنتے  54  ویں معیشت  بن رہے ہیں ، ہمارے  کسی سےکوئی ڈیل نہیں ہوئی  نہ ہم ڈیل پر یقین پر یقین رکھتے ہیں، مفتاح نے اپنے تجربے کی بدولت پوری کوشش کی  ، جو وہ کر سکتے تھے اس سے باعث پاکستان ڈیفالٹ سے بچالیا گیا۔

رہنما مسل لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ ہم اکانومی کو بحال کریں گے ،میں صرف زبانی دعوے نہیں کرونگا ، ہماری تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں   کہ ہم نے کیا کام کیے ، 1998 میں نواز شریف کی قیادت میں دھماکے کیے ، مسلم لیگ (ن) کسی اور ملک میں ہوتی تو عوام سروں پر اٹھا لیتی ۔ اسحاق ڈار نے نام لیے بغیر چیئرمین پی ٹی آئی  سے کہا کہ  اللہ نے تم کو پہلے ہی گرا دیا ، اب بھی معافی مانگ لو، پتہ نہیں اور کتنا گرو گے ، پونے چار سال کی حکومت میں صرف تباہی کی گئی اور معیشت کا جنازہ نکال دیا گیا ، یہ جاتے جاتے عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی کر گئے ۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ایک چینل نے مجھ پرالزامات لگائے ، میں نام نہیں لوں گا مگرعدالت کے حکم پر وکلاء کی فیسز کے علاوہ انہوں نے مجھے تین کروڑ روپے ہرجانہ ادا کیا اور معافی مانگی ، میں نے وہ پیسے غریبوں کے ڈائلسز کیلئے عطیہ کر دیے ،  پی ٹی آئی کے وزراء کہتے رہے کہ اسحاق ڈار واپس نہیں آرہے ، انہیں انٹرپول کے ذریعے واپس بلائیں گے ، میرا پاسپورٹ عمران خان نے آتے ہی کینسل کیا تھا ، واپس کیسے آتا ۔