اسلام آباد:کسان اتحاد کی جانب سے مہنگی بجلی و کھاد کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، مظاہرین کنٹینروں کو دھکیلتے ہوئے شہر میں داخل ہو گئے۔مظاہرین نے ڈی چوک کی طرف پیش قدمی کی کوشش کی لیکن پولیس مظاہرین کو روک دیا۔
کسانوں نے اسلام آباد کے اہم تجارتی مرکزاور مصروف شاہراہ بلیو ایریا جناح ایونیواور فیصل ایونیوپر دھرنا دے دیا جس سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔
کسانوں نے فیصل ایونیو پررکھے کنٹینر اور خاردار تاریں ہٹا دیں اور ڈی چوک کی جانب پیش قدمی کی کوشش کی ۔اسلام آباد پولیس نے کسانوں کو ڈی چوک جانے سے روک دیا۔ بلیو ایریا جانے والے راستے بند ہونے کے باعث اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو ڈی چوک کی طرف جائیں گے۔ انتظامیہ نے متعدد بار مذاکرات کی کوشش کی تاہم تاحال حکام کامیاب نہیں ہو سکے۔ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین کو متبادل جگہ کی بھی پیشکش کی گئی تاہم وہ دھرنے پر مصر ہیں۔
پولیس کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ مظاہرین سے مذاکرات کرنے کی کوشش کرے گی۔ پویس اور انتظامیہ آخری حل کے طور پر مظاہرین کو منتشر کرنے کے اقدامات کرے گی۔
کسانوں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بجلی کے بلوں میں شامل اضافی ٹیکس کو فی الفور ختم کیا جائے اور بلیک میں کھاد بیچنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔