کورونا کا شکار نسیم شاہ ٹیم ہوٹل سے گھر منتقل

لاہور(اُمت نیوز)کورونا کا شکار پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو ٹیم ہوٹل سے گھر بھیج دیا گیا ہے۔وہ آئندہ 2 روز اپنے گھر میں آئسولیشن کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے مطابق کورونا کا شکار نسیم شاہ گھر میں تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں گے۔
پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں شامل آئندہ دو میچز کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ان کی آئسولیشن ہفتے کے روز مکمل ہوجائے گی جس کے بعدوہ اتوار کو ٹیم کے ہمراہ نیوزی لینڈ روانہ ہوں گے۔
اس دوران پی سی بی کا میڈیکل پینل ان کی صحت کا جائزہ لیتا رہے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ میں نمونیا کے بعد کورونا وائرس کی بھی تشخیص ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ نسیم شاہ کو دو روز قبل بخار کے باعث اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا اور بدھ کو پی سی بی نے نسیم شاہ کے نمونیا میں مبتلا ہونے کے بارے میں بتایا تھا۔