ڈالرکو ڈار کے جھٹکے،مزید سستا ہوگیا

 اسلام آباد: اسحاق ڈار  کے وفاقی وزیر خزانہ بننے سے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری ہے، انٹر بینک میں ڈالر ایک روپے 53 پیسے مزید سستا ہوگیا۔

کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹر بینک میں ڈالر مزید ایک روپے 53 پیسے سستا ہو گیا ہے جس کے بعد امریکی کرنسی 228 روپے 10 پسے پر فروخت ہو رہی ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 50 پیسے سستا ہونے کے بعد 230 روپے کا ہو گیا۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے امریکی ڈالر 10 روپے 9 پیسے سستا ہو چکا ہے اور بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 1300 ارب روپے کی کمی ہوئی ہے۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار روپے کی قدر کو مستحکم رکھنے کے ماہر سمجھے جاتے ہیں جسکی وجہ سے مارکیٹ میں ڈالر کے طلب گاروں کی ڈیمانڈ بھی رک گئی ہے جبکہ بینکوں کی سخت مانیٹرنگ اور غیرقانونی منی چینجرز کے خلاف کریک ڈاؤن بھی روپیہ کے استحکام کا باعث بن رہا ہے۔