جنسی ہراسگی کیس:صدرمملکت کا ڈی جی پیمرا کو ملازمت سے برطرف کرنیکا حکم

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جنسی ہراسگی کیس میں ملوث ہونے پر ڈائریکٹر جنرل پیمرا کو ملازمت سے برطرف کرنے کا حکم دے دیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ڈائریکٹر جنرل پیمرا کو 25 لاکھ روپے جرمانہ کرنے کا حکم بھی دے دیا۔ صدر مملکت کی جانب سے وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسگی بمقام کار کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

صدر مملکت نے ملازمت سے برطرفی کی بڑی سزا برقرار رکھتے ہوئے جرمانہ 20 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کر دیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ثابت ہو چکا خاتون ملازم کو ملزم نے ناجائز مطالبات کے ذریعے ہراساں کیا۔ ایسے کیسز سامنے آتے ہیں اور ثابت ہوجاتے ہیں تو قانون کی طاقت کا استعمال کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لیے ایسے اقدامات ضروری ہیں۔

صدر مملکت نے خاتون کو دی جانے والی رقم ملزم کی تنخواہ کے بقایا جات سے وصول کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ 25 لاکھ روپے خاتون کو ملزم کے ہاتھوں مشکلات کے بدلے معاوضے کے طور پر دی جائے۔ ملزم نے خاتون ملازم کو شدید ذہنی اذیت دی اور اس کی ساکھ کو داؤ پر لگایا۔

انہوں نے کہا کہ ملزم کا فعل واضح مثال ہے کہ کن طریقوں سے خواتین کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے اور وقت آگیا ہے کہ آئین کے مطابق زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی شرکت کی راہ ہموار کی جائے۔