اتوارکے روز عمران خان کی درخواست ضمانت کی وجہ سے عدالت کھلی اور وہ خود عدالت عالیہ میں  پیش نہیں ہوئے۔فائل فوٹو
اتوارکے روز عمران خان کی درخواست ضمانت کی وجہ سے عدالت کھلی اور وہ خود عدالت عالیہ میں  پیش نہیں ہوئے۔فائل فوٹو

جج دھمکی کیس ۔ عمران خان کی اتوارکے روز عبوری ضمانت منظور

جج دھمکی کیس میں عمران خان کی جانب سے ضمانت قبل ازگرفتاری کیلیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست  منظور کرلی گئی،پولیس کو 7 اکتوبر تک گرفتاری سے روک دیا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے عمران خان کی درخواست کی سماعت اپنے چیمبر میں کی ،عدالت نے عمران خان کو ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کی ہدایت کی، چیئرمین پی ٹی آئی کو 10 ہزار روپے کے مچلکے بھی جمع کرانے کا حکم دیا۔

اتوارکے روزعمران خان کی درخواست ضمانت کی وجہ سے عدالت کھلی اور وہ  خود عدالت عالیہ میں  پیش نہیں ہوئے بلکہ اپنے وکیل بابراعوان کے ذریعے  اپنی ضمانت کی درخواست دائرکی ۔درخواست میں موقف اختیارکیا گیا کہ سیاسی مقاصد کیلیے میرے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ، پولیس حکومت کا آلہ کار بن کرکام کر رہی ہے ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان کے خلاف مقدمات بے بنیاد ہیں، کل شام سے عمران خان کو گرفتار کرنے کی بہت کوشش کی گئی، یہ حکومت ملک میں خانہ جنگی چاہتی ہے، پاکستان کی تاریخ اور تقدیردونوں بدلنے جارہی ہے۔

خیال رہے کہ عمران خان کی جانب سے وارنٹ گرفتاری کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کے امکان کے پیش نظر چھٹی کے روز بھی اسلام آباد ہائیکورٹ کھلی رہی ، اسلام آباد ہائیکورٹ کا ڈائری برانچ کا عملہ آفس پہنچا جس میں اسسٹنٹ رجسٹرار اسد خان بھی شامل تھے ۔