اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان ناتجربہ کار، خودغرض، انا پرست اورنادان سیاستدان ہیں۔ اقوام متحدہ (یو این) میں کچھ رہنماؤں نے مجھے عمران خان کی شخصیت کے بارے میں بتایا اورکہا کہ عمران خان غلط بیانی کرتے ہیں۔ عالمی رہنماؤں نے کہا کہ عمران خان حقائق کو توڑ مروڑ کے پیش کرتے ہیں۔
برطانوی جریدے کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آڈیو لیک ہونے کے بعد عمران خان کی مایوسی بڑھ چکی ہے،ان کا اداروں کے تشخص کو مجروع کرنے کا منصوبہ کبھی پورا نہیں ہو گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان ناتجربہ کار، خود غرض، انا پرست اور نادان سیاستدان ہیں۔ عمران خان نے ملک کو نقصان پہنچایا اور وہ دنیا کا جھوٹا انسان ہے۔ آڈیو لیک ناقابل تردید ثبوت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پرانہیں یہ جان کر صدمہ ہوا کہ کئی عالمی رہنماؤں نے عمران خان کے رویے کا ذکر کیا۔”کچھ رہنماؤں نے ذاتی طورپرمجھے اس کے کردارکے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بدتمیز تھا، جھوٹ بولتا تھا اور نرگسیت پسند تھا۔“
انہوں نے کہا کہ عمران خان اس دنیا کا سب سے بڑا جھوٹا ہے اوران کے جھوٹوں سے پاکستان کو نقصان پہنچا۔انہوں نے کہا کہ ذاتی مفاد کے لیے ملک کی کو بہت نقصان پہنچایا گیا اورعمران خان نے معاشرے میں زہر بھر دیا ہے۔ عمران خان حقائق کو توڑ مروڑ کر نفرتیں پھیلا رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ نواز شریف میرے بھائی اور قائد ہیں ان سے مشورہ کرتا ہوں اور نواز شریف نے مجھے فیصلے کرنے کی مکمل آزادی دی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے بتایا کہ میں نومبر میں چین کا دورہ کروں گا۔