کراچی(امت نیوز) پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ کے روز بھی کاروباری دورانیے میں انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت مزید کم ہوگئی۔حکومت کی جانب سے شرح تبادلہ میں بینکوں کے کردار پر تحقیقات کی اطلاعات اور سٹے بازی پر گہری نظر رکھے جانے کے باعث بدھ کو بھی ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا رہا اور تسلسل سے تنزلی کے باعث ڈالر کے انٹربینک ریٹ 224 روپے سے بھی نیچے آگئے جب کہ اوپن مارکیٹ ریٹ بھی گھٹ کر 227 روپے کی سطح پر آگیا۔ انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کو بھی کاروباری دورانیے کے آغاز ہی سے ڈالر تنزلی کا شکار رہا جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر گھٹ کر 223.60 روپے کی سطح پر آگئی تھی تاہم بعد دوپہر ڈیمانڈ قدرے بڑھنے کے بعد کاروباری دن کے اختتام پر 1.69روپے کی کمی سے 223.94 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر مزید 1.50روپے کی کمی سے 227روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق بینکوں کی جانب سے درآمدی لیٹر آف کریڈٹس کھولتے وقت امپورٹرز کو مارکیٹ ریٹ کی بہ نسبت زائد قیمت پر ڈالر کی فروخت کی نشاندہی پر وزارت خزانہ اور متعلقہ ریگولیٹر کی جانب سے 8 بینکوں کے خلاف کارروائی کرنے کے عندیئے سے گزشتہ ڈیڑھ ہفتے سے ڈالر کو ریورس گئیر لگ گئے ہیں۔ مارکیٹ میں تیز رفتار اڑان بھرنے والا ڈالر اپنی حقیقی قدر پر آنا شروع ہوگیا ہے۔ اسی طرح نئے وزیرخزانہ کے دیگر اقدامات، جن میں سٹہ بازی کے علاوہ ڈالر کی افغانستان اسمگلنگ پر قابو پانا بھی شامل ہے، پاکستانی روپے کے استحکام کا باعث بن گئے ہیں۔ منی مارکیٹ کے ذرائع کے مطابق گزشتہ طویل دورانیے سے ایل سیز کھولنے کے لیے درآمدکنندگان کو بلند شرح پر ڈالر کی فروخت نے روپے کو تیزی سے کمزور کیا، تاہم وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے پالیسی بیان اور اقدامات کی بدولت ڈالر تنزلی کی جانب گامزن ہوگیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی تمام شرائط پوری ہونے کے نتیجے میں رواں ماہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال کر وائٹ لسٹ میں شامل کرنے کی توقعات اور بیرونی دنیا سے سیلاب ریلیف فنڈ کی آمد سے سٹے بازوں کی ڈالر میں کاروباری سرگرمیاں محدود ہوگئی ہیں، جس سے توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں روپیہ مزید مضبوط ہوگا۔ دریں اثناء ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت کم ہوگئی ہے۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 150 روپے کم ہو کرایک لاکھ 48 ہزار 300 روپے ہوگئی۔ 10 گرام سونے کی قیمت 129 روپے کم ہوکر 127143 روپے پر آگئی جبکہ عالمی صرافہ بازار میں سونے کی فی اونس قیمت 5 ڈالر اضافے سے 1709 ڈالر ہوگئی ہے۔