اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے برطانیہ سے41 ارب روپےکی پاکستان منتقلی کے معاملے پرسابق وفاقی کابینہ کے اراکین کو نوٹسز بھیج کرطلب کرلیا۔
عمران کابینہ کے 21 سابق وزرا اور ملک ریاض کے بیٹے کو طلبی کے نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں، جن کے تحت نیب میں سابق وزرا کی پیشیاں 11 سے 25 اکتوبرتک ہوں گی۔
نیب نے برطانیہ سے فنڈز منتقلی کے معاملے پرعوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید حمد کو 24 اکتوبرکو طلب کیا ہے جبکہ زبیدہ جلال کو 13 اکتوبر دن 11 بجے اور حماد اظہر کو دن دو بجے طلب کیا گیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر شفقت محمود اور شیریں مزاری کو 14 اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے جب کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور اعجاز احمد شاہ کو 17 اکتوبر کو پیش ہونے کے لیے نوٹسز بھیجے گئے ہیں۔
نیب نے علی امین گنڈا پور اورڈاکٹر فروغ نسیم کو 18 اکتوبرکو طلب کیا ہے جب کہ علی زیدی اور خسرو بختیار کو 19 اکتوبر کو طلبی کا نوٹس بھیجا ہے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر اوراعظم خان سواتی کو نیب نے 20 اکتوبرکو پیش ہونے کے لیے کہا ہے جب کہ عمر ایو ب خان اور محمد میاں سومرو کو 21 اکتوبر کو طلبی کا نوٹس بھیجا ہے۔
فواد چوہدری کو 24 اکتوبرجبکہ صاحبزادہ محبوب سلطان اور فیصل واوڈا کو 25 اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کو سابق وفاقی کابینہ اراکین کے بیانات ریکارڈ کرنے کے بعد سمن جاری کیے جائیں گے۔