سندھ میں دہشت گردی کا خطرہ، ڈرون اڑانے پر پابندی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ داخلہ سندھ نے پولیس کی سفارش پر کراچی کے ضلع جنوبی میں جہاں اہم سرکاری عمارتیں، سفارتی مشن اور دوسرے اہم دفاتر واقع ہیں سیکورٹی خدشات کے باعث ریموٹ کنٹرول ڈرون اڑانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عاید کردی ہے۔

محکمہ داخلہ کے ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضلع جنوبی میں اہم سفارتی شخصیات اور مقامات پر فلائنگ ڈرونز کی مدد سے دہشت گرد حملوں کا خطرہ ہے جس کے پیش نظر ضلع جنوبی کی حدود میں ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی عاید کردی گئی ہے جو 60 روز کے لیے موثر رہے گی۔ خلاف ورزی پر مروجہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔