لانگ مارچ کا اعلان کسی بھی وقت ہو سکتا ہے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ انصاف کارڈ انقلابی اقدام تھا لیکن اس پر بھی سیاست کی گئی اور اسے روکا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مریض سیاسی نہیں ہوتا لیکن ذمہ دار افراد نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور امید ہے ہیلتھ کارڈ پر وفاقی حکومت تنگ نظری کا مظاہرہ نہیں کرے گی۔

ان کا  کہنا تھا کہ مریضوں کا سرکاری اسپتالوں پر بے پناہ پریشر تھا اور اسپتال نئے تعمیر ہوں گے تودباؤ کم ہو گا۔ صحت کارڈ سے 10 لاکھ روپے تک علاج کی سہولت مل رہی ہے۔ چھوٹے چھوٹے شہروں میں نئے اسپتال بنائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں اور وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے الیکشن کمیشن کو انتخابات ملتوی کرنے کی چٹھی لکھی۔ وفاقی حکومت کو حوصلہ کرنا چاہیے گھبرانا نہیں چاہیے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حامد زمان کو حکومت نے گرفتار کیا اور ہمارے دیگر کارکنوں کو بھی گرفتار کیا گیا جس کی مذمت کرتے ہیں۔ یوسف رضا گیلانی مگر مچھ کے آنسو بہانے بند کریں وہ حکو مت کا حصہ ہیں۔اسمبلیوں کی مدت ایک سال بڑھانے کی بات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کا کسی بھی وقت اعلان ہوسکتا ہے اور لانگ مارچ کی تاریخ کا صرف عمران خان کو پتہ ہے۔ بلاول کے مارچ میں رینٹ پر لوگ آئے تھے اور نواز شریف کو تو بہت پہلے آجانا چاہیے تھا۔