شیخوپورہ قتل واقعہ پرغفلت ،ایس ایچ او سمیت 5 پولیس اہلکار گرفتار

لاہور(اُمت نیوز) شیخوپورہ میں الگ الگ مقامات پر 8 افراد کو کلہاڑی کے وار کرکے بے دردی سے قتل کے لرزہ خیز واقعہ کی انکوائری رپورٹ پر سنگین غفلت کے مرتکب ایس ایچ او سمیت 5 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کی انکوائری رپورٹ میں تھانہ نارنگ کے عملے کی غفلت ثابت ہوئی ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا کہ آئی جی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر آر پی او شیخوپورہ نے نارنگ میں جاکر انکوائری مکمل کی۔

انکوائری رپورٹ کی روشنی میں مقامی لوگوں نے ملزم فیض رسول کی جانب لوگوں کو زخمی کرنے کی چند روز قبل اطلاع کی تھی اور تھانہ نارنگ کے عملے نے سنگین غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

آئی جی پنجاب فیصل شاہکارنے انکوائری رپورٹ کے بعد معطل اہلکاروں کے خلاف محکمانہ و قانونی کارروائی کا حکم دیدیا۔ گرفتار اہلکاروں میں ایس ایچ او نارنگ انسپکٹر عبد الوہاب، اے ایس آئی محمد لطیف، مشتاق احمد، محمد رفیع اور محرر عمار الحسن شامل ہیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ ملزم سے تفتیش کا عمل جاری ہے اور مقتولین کے خاندانوں کو انصاف دلوانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے اور کیس کی تفتیش کے عمل کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔

واضح رہے کہ 8 اکتوبر کو شیخوپورہ میں سفاک قاتل نے رات سوتے ہوئے الگ الگ مقامات پر 8 افراد کو کلہاڑی کے وار کرکے بے دردی سے قتل کردیا تھا اور ملزم کو ایک پولیس کانسٹیبل نے قابو کیا تھا۔

پولیس ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل بھی برآمد کرچکی ہے جس کے بارے میں ابتدائی طور پر بتایا گیا کہ ملزم بظاہر ذہنی معذوردکھائی دیتا ہے۔ ملزم نے گلیوں اور کھیتوں میں سوئے افراد کو نشانہ بنایا تھا اور تمام قتل رات دو بجے سے تین بجے کے درمیان کیے گیے۔