ہاشم ڈوگر سے جبری استعفی لیا گیا ۔۔ ذرائع کا دعوی

لاہور ( نمائندہ امت)خبر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے پنجاب میں اتحادی حکومت کے وزیرداخلہ کرنل ریٹائرڈ محمد ہاشم ڈوگر سے جبری استعفیٰ لیاہے ۔ یہ استعفیٰ ہاشم ڈوگر کے ہاتھ سے لکھا گیا ہے جو وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کو بھیجا گیا ہے اور اب ان کی جگہ سینئر وزیر میاں اسلم اقبال کو داخلہ امور کا وزیر بنایا جا سکتا ہے تاہم حتمی فیصلہ بدھ کی شام کو ہونے کا امکان ہے۔

 

ذرائع کے مطابق ہاشم ڈوگر بعض امور اورخاص طور پر مقتدراداروں کے بارے میں پارٹی پالیسی کے مطابق ہارڈ لائنر نہیں تھے اور پارٹی کا ہارڈ لائنر گروپ ان کے بارے میں شدید تحفظات رکھتا تھا اور پارٹی کے سربراہ سے انہیں ہٹانے کا مطالبہ کررہا تھا۔ ہاشم ڈوگر کے خلاف سوشل میڈیا پر بھی خصوصی طور پر مہم چلائی گئی تھی جس پر پارٹی کے چیئرمین کی طرف سے بھی انہیں ناراضگی کا سامنا تھا اور ذرائع کا دعوی ہے کہ کچھ روز قبل ہی انہیں مستعفی ہونے کے لئے کہہ دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق داخلہ امور کی وزارت لینے کیلئے پارٹی کے کچھ ایسے رہنما بھی امیدوار ہیں جنہیں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران پارٹی کے لیڈر کی جانب سے کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ یہاں یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ صوبائی وزیر داخلہ کے استعفیٰ کی عبارت غیر معمولی طور پر سابق وزیراعلی عثمان بزدارکے استعفیٰ سے مشابہت رکھتی ہے ، لیٹر پیڈ کے پورے صفحے پر ہاشم ڈوگر کی تحریر کے آخری کونے میں وزیر اعلیٰ کو مخاطب کیا گیا، حالانکہ ایسی تحریر میں مکتوب الیہ کا نام پہلے لکھا جاتا ہے ، اس لحاظ سے یہ اپنی طرز کا پہلا استعفیٰ ہے جس میں مکتوب الیہ کا نام آخری اور الگ سطر میں کونے میں لکھا گیا ہے ۔