کراچی:وزیر محنت سندھ سعید غنی کا کہناہے کہ عمران خان نے ملک کے انتخابی عمل کو مذاق بنانے کی کوشش کی ہے،اگرعمران خان سب یا ایک دونشستوں سے جیت گئے تو وہ حلف نہیں لیں گے،ضمنی انتخاب کے حلقوں کے عوام سے اپیل ہے عمران خان کو ووٹ نہ دیں ۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہاکہ پہلے ہی اندازہ تھا ضمنی انتخابات وقت پر ہی ہوں گے،پیپلزپارٹی امیدواروں کو کہا ہوا تھا، ضمنی الیکشن کی تیاری جاری رکھیں ،16 اکتوبرکوکراچی میں 2 سیٹوں پر ضمنی الیکشن ہوں گے۔
ان کاکہناتھا کہ اس وقت عمران خان قومی اسمبلی کے ممبر ہیں ، ایک شخص اگرایک سے زیادہ حلقوں سے الیکشن لڑتا ہے تو باقی نشستیں چھوڑنا پڑتی ہیں ،عمران خان نے ملک کے انتخابی عمل کو مذاق بنانے کی کوشش کی ہے،ضمنی انتخاب کے حلقوں کے عوام سے اپیل ہے عمران خان کو ووٹ نہ دیں ۔
ن کا کہناتھاکہ عمران خان کے تمام نشستوں سے جیتنے کے امکانات نہیں ، اگرانہیں یقین ہوتا کہ عمران خان الیکشن جیت رہا ہے تو یہ الیکشن کمیشن نہ جاتے،اگردو ماہ بعد دوبارہ الیکشن ہونا ہے تو یہ مذاق ہے، اب ان کے تمام ارکان عدالت گئے کہ سیاسی فیصلہ تھا، ہم نے استعفیٰ نہیں دیا، انہوں نے اپنی کم عقلی کی بنیاد پر ہر چیزکو مذاق بنایا ہواہے، آپ نے استعفے دیئے، اسمبلی نہیں جاتے، استعفیٰ قبول ہوتا ہے تو کہتے ہیں غلط قبول ہوا،تحریک انصاف کے ارکان اپنے حلف کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں ۔
سعید غنی نے کہاکہ اس وقت ملک کیلیے سب سے بڑا تھریٹ عمران خان ہیں،یہاں لوگ پھانسی پر چڑھ گئے کوڑے کھائے لیکن ملک کے مفادات کے خلاف نہیں گئے ،عمران خان نے ملک کے مفادات کو نقصان پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔
انہوں نے کہا کہ جب پتہ چلا کہ حکومت جا رہی ہے تو آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی شروع کی، شیخ رشید نے کہاکہ عمران خان نے جاتے جاتے آنے والی حکومت کی راہ میں بارودی سرنگیں بچھا دیں ۔