بجلی بریک ڈائون ۔سی ای او کے الیکٹرک کی گرفتاری کا حکم

کراچی میں بجلی کے بریک ڈائون کے باعث کیسزکی سماعتیں متاثر ہونے پر سندھ ہائیکورٹ نے سی ای او کے الیکٹرک کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

نجی ٹی وی کے مطابق بجلی کی بندش کے باعث سندھ ہائیکورٹ میں اندھیرے میں کیسز کی سماعت جاری ہے، عدالت نے سی ای او کے الیکٹرک کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔عدالت نے ایڈیشنل آئی جی کو وارنٹ کی ایک گھنٹے میں تعمیل کرانے کا حکم دیدیا، عدالت نے کہاکہ پولیس سی ای او کے الیکٹرک کو ایک گھنٹے میں لائے ۔

سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے سی ای او کے الیکٹرک کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر کے الیکٹرک حکام عدالت میں پیش ہو گئے۔

کے الیکٹرک حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کے الیکٹرک کی وجہ سے بند نہیں، پورے ملک کا نظام بیٹھا ہوا ہے۔

جسٹس صلاح الدین پہنور نے کہا کہ ہائی کورٹ کے الیکٹرک کو ماہانہ 60 لاکھ روپے بجلی کا بل دیتی ہے، بجلی نہیں ہو گی تو عدالتیں کیسے چلائیں؟

جسٹس صلاح الدین کا کہنا ہے کہ بجلی نہیں ہے تو موبائل جنریٹر سے بجلی فراہم کرنا کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عدالتوں میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے کیسز کی سماعت نہیں ہو پا رہی، لوگ چیخ رہے ہیں، ایسی صورتحال میں ججز کیسے کام کریں؟

جسٹس صلاح الدین پنہور نے کہا کہ متبادل ذرائع سے بجلی فراہم کرنا بھی کے الیکٹرک کی ذمے داری ہے، لکھ کر دیں عدالتوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کیسے یقینی بنائیں گے، ہم وارنٹ گرفتاری تب واپس لیں گے۔