اسلام آباد(اُمت نیوز)وزرات توانائی اور پیداوار کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بجلی کی ترسیل کا نظام پورے ملک میں مکمل بحال کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق آج صبح کراچی کے جنوب میں پانچ سو کے-وی دو لائنوں میں آنے والے خلل کو دور کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ملک کے میں بجلی بحال ہوگئی ہے
پاور ڈویژن کے مطابق متبادل کارخانوں سے بجلی کی رسد بڑھائی جا رہی ہے جو کہ جمعتہ المبارک کی صبح تک معمول پر آجائے گی۔
قبل ازیں وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا تھا کہ مرحلہ وار تمام شہروں اور اضلاع کو بحال کیا جا رہا ہے امید ہے مغرب تک ملک بھر میں بجلی کی فراہمی مکمل بحال ہوجائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر توانائی خرم دستگیر نے ملک بھر میں بجلی کے بریک ڈاؤن پر کہا تھا کہ ملتان کو بجلی کی فراہمی بحالی کردی گئی ہے، 8 میں سے 5 ہزار میگاواٹ بجلی بحال کی جاچکی ہے، کراچی کو نیشنل گرڈ سے دیا جانے والا 1 ہزار میگاواٹ منقطع ہوا تھا، مغرب تک سسٹم کو مکمل طور پر بحال کردیں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ سسٹم کو دوبارہ چالو کرنے میں تھوڑا وقت درکار ہوتا ہے، شام تک تمام پاور پلانٹس کام کرنا شروع کر دیں گے، مرحلہ وار تمام شہروں اور اضلاع کو بحال کیا جا رہا ہے، وقت پر کوشش کرکے ملک کے شمالی حصوں کو شٹ ڈاؤن سے محفوظ رکھا، سیلاب کے دوران بھی ریکارڈ قلیل مدت میں بجلی بحال کی گئی۔