ضمنی انتخابات میں دہشتگردی ،وزارت داخلہ کاالیکشن کمیشن کو خط

اسلام آباد( اُمت نیوز)وفاقی وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو ایک مرتبہ پھر خط لکھ کر ضمنی انتخابات کے دوران دہشت گرد کارروائیوں سے متعلق خبردار کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں وزارت داخلہ نے خبردارکیا ہےکہ پنجاب میں سیاسی افراد کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے، ضمنی انتخابات کا انعقاد محتاط انداز میں کیا جائے۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہےکہ سندھ اور بلوچستان کی قوم پرست ذیلی تنظیمیں کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرسکتی ہیں، سندھ اور کراچی میں دہشت گرد کارروائیاں الیکشن کے دن اور پہلے ہوسکتی ہیں۔
وزارت داخلہ کے مطابق امن و امان کی صورت حال کو کنٹرول کرنا اکیلا پولیس کے لیے ممکن نہیں، اس وقت ملک میں سیاسی کشیدگی ہے، کارکنان ضرورت سے زیادہ پرجوش ہیں، مختلف صوبوں میں پولیس جانبداری کا مظاہرہ کر رہی ہے، دہشت گردوں نے بھی خیبر پختونخوا، پنجاب اورکراچی میں کارروائیاں بڑھادی ہیں۔
خط میں کہا گیا ہےکہ گزشتہ چند ماہ سے سیلاب کے سبب صورت حال خراب ہوئی، اس وقت فوج اور پیراملٹری فورسزسیلاب ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں، دہشت گردوں اور شرپسندوں نے اپنی کارروائیوں میں اضافہ کیا ہے، 2021 کے مقابلے میں رواں سال کے پی میں دہشت گرد کارروائیوں میں 52 فیصد اضافہ ہوا، سوات،بونیر، مردان، پشاور، ٹانک اور لکی مروت میں دہشت گرد موجود ہیں، گزشتہ 3 ماہ میں کے پی میں دہشت گردی کے 222 واقعات ہوئے ہیں، جون کے بعد سے دہشت گرد افغان سرحد پر خفیہ راستوں سے پاکستان میں آرہے ہیں، افغانستان کے طالبان نے خفیہ راستوں سے متعلق ٹی ٹی پی کی سہولت کاری کی ہے۔
وفاقی وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو خط میں ایجنسیوں کی رپورٹس کا حوالہ دیا ہے اورکہا ہےکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر افراد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، حکومت کے حمایتیوں اور امن کمیٹی کے ارکان کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔